چیمپئنز ٹرافی:پاکستانی مؤقف پر آئی سی سی میں بحرانی صورتحال
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان آنے سے انکار اور اسکے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی باتوں کے باوجود پاکستانی حکام ہائبرڈ ماڈل کو قبول نہ کرنے کے اپنے موقف پر سختی سے قائم ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان نے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا مؤقف پہنچا دیا ہے ،جس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی پریشانیوں میں بھی اضافہ کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مالی معاملات میں نقصان کے اندیشے کی وجہ سے آئی سی سی بحرانی صورتحال سے دوچار ہے اور حالیہ ڈیڈ لاک کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا جاسکا ہے ۔ آئی سی سی نے 100 ڈیز ٹو گو کے موقع پر چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کرنے کا پروگرام بنایا تھا، آئی سی سی کو ایونٹ سے 90 روز پہلے ہر صورت میں شیڈول کا اعلان کرنا ہے ، 20 نومبر تک اعلان نہ کرنے کی صورت میں آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ کمرشل پارٹنرز کو ایونٹ سے قبل کم از کم اتنا وقت درکار ہوتا ہے اور انہیں شیڈول کے مطابق اپنی مارکیٹنگ کرنا ہوتی ہے ۔ آئی سی سی کے لیے پاکستان اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ممکن نہیں اور ایسا کیا گیا تو آئی سی سی کو شدید مالی نقصان ہو گا جبکہ پاکستان سے اگر ایونٹ شفٹ کیا گیا تو پاکستان قانونی چارہ جوئی کا حق استعمال کرے گا۔