چیمپئنز ٹرافی : پاکستان کی تمام شرائط مانے جانے کا دعویٰ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوگی اور چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی اور بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تمام شرائط مان لی ہیں۔
ہائبرڈ ماڈل کی منظوری سے چیمپئنز ٹرافی کے میچز پاکستان اور دبئی میں ہونگے ،بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ کا ان آفیشل اجلاس ہوا جس میں آئی سی سی نے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دی اور اس ضمن میں پاکستان اور بھارت میں اصولی معاہدہ بھی ہو گیا ہے ۔ 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم بھارت نہیں جائے گی اور پاک بھارت لیگ میچ کولمبو میں کھیلا جائیگا،بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق پاکستان کو کوئی زرتلافی نہیں ملے گا۔ پاکستان 2027 کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹورنامنٹ کی میزبانی کریگا جبکہ 2026 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچز کا معاملہ بعد طے ہو گا۔ تحریری طور پر معاہدہ نہیں ہوا اور ابھی صرف اصولی معاہدہ ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے متعلق حتمی فیصلہ آج ہوجائے گا، 3 سال کے فیوژن ماڈل کو آئی سی سی سے منظوری ملنے کا امکان ہے ۔ فیوژن فارمولے کے تحت پاکستان 5 میچز کیلئے دبئی، بنگلہ دیش اورسری لنکا سے بات کررہا ہے جبکہ بھارتی میڈیا نے دبئی کو وینیو قرار دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق میچز کی پاکستان سے منتقلی پر آئی سی سی نے پاکستان کو ازالے کی پیشکش کی تھی تاہم چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس میں اضافی معاوضے کی بات نہیں کی۔ معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے پاک بھارت کرکٹ بورڈز میں مذاکرات ہوئے ، مذاکرات میں تمام معاملات کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی ہے ،آج تک تمام سٹیک ہولڈرز کی منظوری کے بعد باقاعدہ اعلان متوقع ہے اور، آئندہ 24 گھنٹوں میں ساری بات سامنے آجائے گی۔