ہراسانی کیس:ہائیکورٹ کا بابراعظم کے وکیل پر ناراضی کا اظہار
لاہور(سپورٹس ڈیسک )لاہور ہائیکورٹ نے سابق کپتان بابر اعظم پر ہراسانی مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا پر کرکٹر کے وکیل پر ناراضی کا اظہار کیا۔
ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان نے قومی کرکٹر بابر اعظم کی درخواست پر سماعت کی جس دوران عدالتی حکم پر ہراسانی کا الزام عائد کرنے والی خاتون اپنی وکیل کے ہمراہ پیش ہوئیں۔ دوران سماعت عدالت نے بابر اعظم کے وکیل سے استفسار کیاکہ یہ 2021 کی درخواست ہے ، ہر مرتبہ آپ کیس ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہیں اس پر بابر کے وکیل کے ایسوسی ایٹ نے بتایاکہ سینئر وکیل بیرسٹر حارث عظمت موجود نہیں لہٰذا کیس ملتوی کیا جائے ۔دوسری جانب خاتون درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ زنا کا کیس ہے ، کرکٹر بابر اعظم شادی کا جھانسا دے کر اس سے زیادتی کرتا رہا ہے اور بابراعظم نے خاتون کے 12 لاکھ بھی دینے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔