سنچورین ٹیسٹ : پاکستان کو 7 وکٹیں ، جنوبی افریقہ کو 121 رنز درکار
سنچورین (سپورٹس ڈیسک ) پاک جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز ہوم ٹیم نے 3 وکٹوں پر 27 رنز بنالیے جسے جیت کیلئے مزید 121رنز درکار ہیں ۔۔
جبکہ قومی ٹیم فتح سے 7 وکٹیں دور ہے ۔ قومی ٹیم دوسری اننگز میں 237رنز بنا کر آؤٹ ہو ئی اورجنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 148 رنز کاہدف دیا۔سینچورین میں تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا، پاکستان نے 88 رنز 3 وکٹوں پر اننگز کا آغاز کیا، 153 کے مجموعی سکور پر بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 172 کے مجموعی سکور پر 7گیندوں پر 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، سلمان آغا ایک سکور بنا کر 176 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے ،عامر جمال 208کے مجموعی سکورپر 18 رنز بنا کر پیٹرسن کی بال پر رکیلٹن کو کیچ تھما گئے ، ان کے بعد نسیم شاہ 209 رنز کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔چائے کے وقفے کے بعد میچ شروع ہوا تو سعود شکیل 84 رنز بنا کر 236 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے ، محمد عباس 237 کے مجموعی سکور پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے جبکہ خرم شہزاد 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ، قومی بیٹرز کو پریشان کرنے والے جنوبی افریقی بولر مارکو یانسین تھے انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کگیسو رباڈا نے 2 جبکہ کوربن بوش اور ڈین پیٹرسن نے ایک ایک وکٹ لی۔جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستانی بولرز نے ابتدائی 3 وکٹیں 19 رنز پر اڑادیں۔ ٹونی ڈی زورزی 2، ٹرسٹین اسٹبس ایک اور ریان رکیلٹن بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے ۔ ایڈن مارکرم 22 اور ٹیمبا بووما بغیر کوئی رن بنائے چوتھے دن کا کھیل شروع کرینگے ،پاکستان کی طرف سے محمد عباس نے دو جبکہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی۔