پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف فالو آن کے بعد بھر پور مزاحمت
کیپ ٹاؤن (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کیخلاف فالوآن کے بعد بھرپورمزاحمت دکھاتے ہوئے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنالیے ۔
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوئی اور 421 رنزکے خسارے کے ساتھ کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے دوسری اننگز کاآغاز کیا، ، اوپنرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 205 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم بابر اعظم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ شان مسعود 102 اور خرم شہزاد 8 رنز کیساتھ کیریز پر موجود ہیں۔قومی ٹیم کی پہلی اننگزپاکستان کی جانب سے بابر اعظم 58اور محمد رضوان 46رنز بنا کر نمایاں رہے ،اس طرح قومی ٹیم کو پہلی اننگز میں 421 رنز کے خسارے کا سامنا رہا اور ٹیم فالوآن کا شکار ہو گئی۔ دوسرے دن جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 615رنز پر آؤٹ ہوئی۔جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد میزبان ٹیم کی پانچویں وکٹ 323 رنز پر گر گئی، ڈیوڈ بیڈنگھم 5 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔بعدازاں پہلے ہی سیشن میں ریان ریکلٹن نے 266گیندوں پر ڈبل سنچری مکمل کی ، ویریانے 100 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ساتویں وکٹ پر ریکلٹن نے مارکو یانسین کے ہمراہ 86 رنز کی پارٹنرشپ بنائی تاہم 557 کے مجموعے پر ریکلٹن 259 رنز کی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے ، انہیں میر حمزہ نے کیچ آؤٹ کروایا۔ آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارکو یانسین تھے ، انہوں نے 54 گیندوں پر 62 رنز بنائے جبکہ اختتامی لمحات میں کیشو مہارات نے 40 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈال کر اپنی ٹیم کو 600 کا ہندسہ عبور کروایا جبکہ جنوبی افریقی ٹیم 615 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے 3،3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2،2 وکٹیں لیں۔