پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی تقریب گوادر سے لاہور منتقل
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی تقریب اب 11کے بجائے 13 جنوری کو حضوری باغ لاہور قلعہ میں ہوگی۔
پہلے یہ تقریب گوادر میں ہونا تھی تاہم لاجسٹک چیلنجز کے سبب اسے گوادر سے لاہورمنتقل کر دیا گیا ہے ۔مارچ میں ہونے والے پی ایس ایل ٹرافی ٹور کے روٹ میں گوادر ایک اہم مقام کے طور پر شامل ہوگا،چھ فرنچائزز 13 جنوری کو لاہور کے سب سے مشہور ورثے والے مقام پر پلیئر ڈرافٹ کی تقریب کے دوران اپنے سٹارز پر مشتمل سکواڈز کا انتخاب کریں گی،ایونٹ کی نشریات شروع ہونے کا وقت دوپہر ساڑھے بارہ بجے ہوگا۔ پی ایس ایل کا 10 واں ایڈیشن اس سال 8 اپریل سے 19 مئی کے درمیان منعقد ہوگا۔ دریں اثنا پی ایس ایل کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز سامنے آ گئی ہیں ۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر، میتھیو شارٹ، شان ایبٹ، نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن پی ایس ایل ڈرافٹ کیلئے پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مجیب الرحمٰن، شکیب الحسن، کرس لین، ڈیرل مچل، ایڈم ملن، ٹم ساؤتھی، کوشال مینڈس اور ڈیوڈ ویلے بھی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔عثمان خواجہ، زیک کرالی، جیسن رائے ، مائیکل بریسویل، ایلیکس ہیلز سمیت 40 غیر ملکی کھلاڑی پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں۔6 غیر ملکی کھلاڑی صرف پلاٹینم کیٹیگری میں ہی منتخب ہونے کیلئے دستیاب ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی پلاٹینم میں منتخب نہ ہونے کے بعد ڈائمنڈ اور گولڈ میں بھی دستیاب ہیں۔آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر ایلیکس کیری ڈائمنڈ کیٹیگری کا حصہ ہیں۔ڈائمنڈ کیٹیگری میں 87 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل ڈرافٹ کیلئے دستیاب ہیں۔گولڈ کیٹیگری میں 165 غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل 10 ڈرافٹ کے لیے رجسٹر ہوئے ہیں۔