قذافی سٹیڈیم کی رنگارنگ افتتاحی تقریب ، قوم بھارت کو ہرانے اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی منتظر : شہباز شریف

قذافی  سٹیڈیم    کی    رنگارنگ    افتتاحی    تقریب    ،   قوم   بھارت   کو   ہرانے   اور   چیمپئنز   ٹرافی   جیتنے   کی   منتظر   :   شہباز   شریف

لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے رنگارنگ تقریب میں نو تعمیر شدہ سٹیڈیم کا افتتاح کردیا ۔وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا قوم بھارت کو ہرانے اور چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی منتظر ہے ،ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی۔۔۔

چاہے کنٹریکٹرز ہیں یا مزدورٹیم اور محسن نقوی کی نگرانی میں اس کام کو ممکن کر دکھایا۔شہباز سپیڈ ماضی اب محسن سپیڈ چل رہی ہے ، چیمپئنز ٹرافی قومی ٹیم کی جیت کی منتظر ہے ، کرکٹ کھلاڑیوں کی مدد کریں گے ، ہم اس دن کا بھی انتظار کررہے ہیں جب قومی ٹیم بھارت کو شکست دے گی۔چیئرمین پی سی بی و وزیر داخلہ محسن نقوی اوروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں۔ مریم نواز نے چیئرمین پی سی بی اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سب نے ایک ٹیم کے طور پر ریکارڈ 117دنوں میں منصوبہ مکمل کرکے ناممکن کو ممکن بنایا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا بابر اعظم اور محمد رضوان سے بہت سی امیدیں ہیں، یہ ٹرافی اللہ تعالیٰ پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا، آخرمیں انہوں نے محسن نقوی کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے اقدامات سے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے اس سٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھرپور مدد کی ہے ، میں آپ کا بھی اور حکومت پنجاب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا آپ نے دل جیتا ۔ان کا کہنا تھا چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت)ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے ، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاقذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کیلئے مزدوروں نے دن رات کام کیا،پاک فوج کی مدد کے بغیر ریکارڈ مدت میں سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں تھی،پنجاب حکومت نے سٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھر پور تعاون کیا۔ محسن نقوی نے کہا چیمپئنزٹرافی سے قبل سٹیڈیم کی تعمیر نو کا ہدف پورا کیا گیا ، 2500 مزدوروں نے منصوبے پر کام کیا ، بہت سے مزدور ایسے تھے جو تین ، تین ماہ سے گھر نہیں گئے تھے ۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا منصوبے کی تکمیل میں پنجاب حکومت کا تعاون نہ ہوتا تو اطراف میں کھنڈر نظر آتا ، مشکل وقت میں پاک فوج ایک بار پھر ہمارے کام آئی ۔سپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کئی بار اس قذافی سٹیڈیم میں کھیل چکا ہوں ، قومی کھلاڑی ہمارے سر کے تاج ہیں، ٹیم ہار جائے تو ایسے کمنٹس دیتے ہیں تو غلط ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم نے مختلف محکموں کے حکام میں تعریفی شیلڈز تقسیم کیں۔افتتاح کے بعد قذافی سٹیڈیم میں آتشبازی اور لائٹس شو کاشاندار مظاہرہ کیا گیا، شائقین کرکٹ کے لیے ہر انکلوژر سے میچ دیکھنے کابہترین ویو ہے ۔سٹیڈیم میں زیادہ روشن ایل ای ڈی لائٹس اور 2نئی بڑی سکرین نصب کی گئی ہیں، اس کے علاوہ انکلوژرز کے آگے جنگلے ختم اور آرام دہ نشستیں لگائی گئی ہیں۔

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں،بجلی چوری کے خلاف مہم تیز کرکے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں 100 فیصد کمی لائیں گے ،بجلی شعبے کی اصلاحات سے گھریلو صارفین اور صنعتوں کیلئے ٹیرف میں مزید کمی آئے گی۔جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس

سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی کے شعبے میں اصلاحات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو بجلی شعبے کی اصلاحات کے آئندہ تین برس کے اہداف اور بجلی شعبے کی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی شعبے کی اصلاحات و انسداد چوری مہم کے نتیجے میں دسمبر 2024 تک تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیاں بہتر ہو کر 93.26 فیصد پر پہنچ گئیں۔ اجلاس کو گردشی قرضے میں مرحلہ وار کمی کے لائحہ عمل، بجلی کی ترسیل کیلئے مسابقتی مارکیٹوں کے قیام، بجلی کے ٹیرف میں کمی و دیگر اصلاحات کی معینہ مدت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے تمام اصلاحات و منصوبوں کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیراعظم نے کہا گزشتہ سات دہائیوں کے بگاڑ کو بہتر کرنے کیلئے وزارت اور متعلقہ ادارے تعاون سے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے ،روزِ اول اپنے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں کم لاگت ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظرثانی سے قومی خزانے کی بچت اور صارف کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی واقع ہو رہی ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ایسی تقسیم کار کمپنیاں جن میں بورڈ تشکیل نہیں ہوئے ان میں بھی جلد نجی شعبے سے اچھی شہرت کے بورڈ ارکان تعینات کر دیئے جائیں۔بریتھ پاکستان بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی تباہ کاریوں کا سامنا ہے ، موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے گورننس، اصلاحات اور استعداد کار میں اضافہ پر توجہ مرکوز ہے ، ریزیلیئنٹ کی تعمیر، انفراسٹرکچر اور پائیدار ترقی میں سرمایہ کاری کیلئے ہمیں مزید مالی مدد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان کا گیسوں کے اخراج میں حصہ صرف ایک فیصد ہے لیکن یہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا اڑان پاکستان تبدیلی کا منصوبہ ہے ، بریتھ پاکستان کے اقدامات کا مقصد کلین، گرین اور مزید مستحکم پاکستان کو یقینی بنانا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں