ورلڈ کپ کیلئے دباؤ نہیں، اچھا کھیلیں گے :کپتان فاطمہ ثنا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنیوالی قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے دباؤ نہیں۔۔
جو بھی ٹیم ہوگی اچھا کھیلیں گے ۔ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے کافی دیر سے محنت کر رہی تھیں، ہوم گراؤنڈ کا دباؤ بھی تھا شکر ہے سب کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلیں، اگلے چار ماہ ہم ورلڈ کپ کے لیے مزید محنت کریں گی۔ قومی کھلاڑی سدرا نواز نے کہا کہ کوالیفائیر کے سفر آسان نہیں تھا ہم نے اس کے لیے بہت محنت کی ہے ، ابھی ہمارا فوکس آخری میچ پر ہے ناقابل شکست رہ کر ورلڈ کپ میں جانا چاہیں گے ۔نتالیہ پرویز نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھی ٹیموں کو ٹف ٹائم دیں گے ۔ ورلڈ کپ کی ٹیموں کے نام بڑے ہیں لیکن ہماری ٹیم محنت کر رہی ہے اور بہتر ہو رہی ہے ۔ گل فیروزہ نے کہا کہ کوالیفائی کر کے بہت خوش ہیں اس سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جبکہ نجیہا علوی نے کہا کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اچھی ٹیمیں تھیں ہماری آل راؤنڈ پرفارمنس رہی۔شوال ذوالفقار نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں تمام کھلاڑیوں نے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے یہی مومینٹم برقرار رکھیں گے ۔ڈیانا بیگ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنے رول کا علم ہے اور وہ اسی کے مطابق کھیل رہی ہیں۔سدرا امین نے کہا کہ کامیابی بہت معنی رکھتی ہے ، کریڈٹ سب کھلاڑیوں کو جاتا ہے ، ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اسی کو آگے لے کر جائیں گی۔