جیسن گلیسپی کی اوپنر صائم ایوب کی سعید انور سے تشبیہ

جیسن گلیسپی کی اوپنر صائم ایوب کی سعید انور سے تشبیہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی ٹیم کے سابق ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو سعید انور سے تشبیہ دے ڈالی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک صارف کے سوال کے جواب میں جیسن گلیسپی نے ابھرتے ہوئے نوجوان اوپنر صائم ایوب کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے انکا سابق لیجنڈری اوپنر سعید انور سے موازنہ کرتے ہوئے کہاکہ سعید انور تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے ، میں انکی کچھ جھلک صائم ایوب میں دیکھتا ہوں۔قبل ازیں سابق کرکٹ تجزیہ کاروں نے بھی صائم ایوب کے مختصر کیرئیر اور انکی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے کہا تھا کہ اوپنر کے کیرئیر کی شروعات ہی لیجنڈری سٹار سعید انور کی طرح ہے وہ اگر مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرینگے تو پاکستان کیلئے طویل عرصے تک کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری طرف پشاورزلمی کے بیٹر صائم ایوب نے کہا ہے کہ انجری سے واپسی کے بعد بہت پرجوش ہوں، پشاور زلمی کیلئے اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہوں،بابر اعظم کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا بہت مزہ آتا ہے ۔ پشاور زلمی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انجری سے واپسی کے بعد پوری طرح انجوائے کر رہا ہوں،گراؤنڈ میں واپسی کھیل کے لمحات ، کھلاڑیوں سے ملاقات اور کوچز کے ساتھ گفتگو یہ سب پھر سے کر کے مزہ آ رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں