سلمان آغا کو تینوں فارمیٹس کی قیادت ملنے کا امکان

سلمان آغا کو تینوں فارمیٹس کی قیادت ملنے کا امکان

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ میں ایک کپتان کو نامزد کرنے کی تیاری مکمل کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈکوچ مائیک ہیسن کی مشاورت کے بعد تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈرسلمان علی آغا کو سونپے جانے کا امکان ہے ،سلمان آغا کو دورہ زمبابوے کے دوران کپتان مقرر کیا گیا اور وائٹ بال کپتان محمد رضوان کو آرام کروایا گیا تھا تاہم اب خبریں سامنے آرہی ہیں کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود اور رضوان کا مستقبل بطور کپتان خطرے میں ہے ۔رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان علی آغا سلیکشن کمیٹی، نئے ہیڈ کوچ ہیسن اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور انہیں بطور کپتان بنانے پر تینوں ایک پیج پر ہیں۔جلد ہی سلمان آغا کو تینوں فارمیٹس میں کپتان بنانے کا اعلان متوقع ہے ۔شان مسعود کو نومبر 2023 میں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم انکی قیادت میں خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے ، البتہ ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار بنگلہ دیش کیخلاف بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔اِن کی کپتانی میں پاکستان نے 12 ٹیسٹ میچ کھیلے ، جن میں سے صرف 3 جیتے اور 9 میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ سائیکل 2023-25 میں پاکستان کا سفر مایوس کن رہا اور 9ویں پوزیشن حاصل کی،دوسری جانب وائٹ بال کپتان محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان بطور میزبان چیمپئینز ٹرافی اور دورہ نیوزی لینڈ میں بدترین شکستوں کا منہ دیکھ چکا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں