ایشیا کپ پر جلد سب کچھ حل ہو جائیگا ، محسن نقوی کو یقین
لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں ایشیا کرکٹ کپ کے انعقاد کا معاملہ لٹک گیا۔ڈھاکا میں محسن نقوی کی سربراہی میں اجلاس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بھارت کے راجیو شکلا نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی تاہم ایشیا کپ کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچا سکا۔ایشیا کپ کا میزبان بھارتی کرکٹ بورڈ چند روز میں اس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کرے گا۔اجلاس کے بعد محسن نقوی نے بتایا کہ میٹنگ بہت اچھے ماحول میں ہوئی، سب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاست کو کھیل میں نہیں لانا ہے ۔ ایشیا کپ پر بھارتی بورڈ کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی اور امید ہے کہ جلد شیڈول پر اتفاق ہو جائے گا۔ محسن نقوی نے بہترین انتظامات و مہمان نوازی پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین امین السلام ، اے سی سی سالانہ جنرل اجلاس میں شرکت کرنے والے تمام ممبرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہے ۔تمام سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر صرف اور صرف کرکٹ کے لیے کام کرنا ہے ۔ پوری امید ہے کہ ہم سب مل کر یہ کر سکتے ہیں۔ ایک دوسرے کو مضبوط کرنا ہو گا۔ چاہتے ہیں کہ تمام ایسوسی ایٹ ممبران کی ٹیمیں مضبوط ہوں۔اے سی سی کے صدر کی حیثیت سے آپ کو یقین دلاتا ہوں جو کچھ بھی ضروری ہوا ہم کریں گے تاکہ یہ ادارہ ایشیا میں کرکٹ کا سب سے طاقتور ادارہ بن سکے ۔