پاکستان کا جنوبی افریقہ کو ہر ا کر ور لڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فاتحانہ آغاز
مہمان ٹیم کو93رنز سے شکست، نعمان علی 10وکٹیں لیکرمین آف دی میچ قرار، کریڈٹ ٹیم کوجاتا: شان مسعود، کم بیک کر ینگے : ایڈن مارکرم
لاہور(سپورٹس ڈیسک )لاہور ٹیسٹ میں پاکستان نے دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 27-2025 میں فاتحانہ آغاز کرلیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں چوتھے روز پاکستان کی جانب سے د یئے گئے 277 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان ٹیم 183 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیولڈ بریسوس 54 اور ریان رکلٹن 45 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے ۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 جبکہ ساجد خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔نعمان علی نے میچ میں مجموعی طور پر 10شکار کیے ، انہوں نے اپنے 19 ویں ٹیسٹ میں تیسری مرتبہ میچ میں 10یا زائد شکار کیے ۔قبل ازیں تیسرے دن پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز کی 109 رنز کے برتری کے باوجود دوسری اننگز میں خاطر خواہ پرفارمنس نہ دے سکی اور 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے متھو سوامی نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 269 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی ۔
پاکستانی سپنر نعمان علی کو فتح گر پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہم نے ورلڈ چیمپئن کو ہرایا ہے ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے ، ہم نے ایسی ہی وکٹوں پر کرکٹ کھیلی ہے ،پاکستان نے ایسی وکٹوں سے ہی بہترین فاسٹ بولر پیدا کیے ، شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا میچ جیتنا خوش آئند ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ اس میچ سے بہت کچھ سیکھا ہے ، اگلے میچ میں کم بیک کریں گے ، اپنے ٹیم کمبی نیشن سے مطمئن ہوں۔