ٹیم میں شمولیت،کوہلی،شرما کیلئے ڈومیسٹک کھیلنا لازمی قرار
میچ فٹنس برقرار رکھنے کیلئے ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لینا ہوگا،بی سی سی آئی
ممبئی(سپورٹسڈیسک)انڈین کرکٹ بورڈ نے ورات کوہلی اور روہت شرما کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ قومی ٹیم میں شمولیت کے خواہش مند ہیں تو انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگی۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ چونکہ وہ ٹیسٹ اور ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اس لیے انہیں میچ فٹنس برقرار رکھنے کے لیے ڈومیسٹک مقابلوں میں حصہ لینا ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق روہت شرما نے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کو مطلع کر دیا ہے کہ وہ ‘وجے ہزارے ٹرافی’ میں شرکت کے لیے دستیاب ہوں گے ۔
دوسری جانب کوہلی نے تاحال اپنی دستیابی کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں سنایا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ‘بارڈر گواسکر ٹرافی’ میں انڈیا کی ناقص کارکردگی کے بعد بھی بورڈ نے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی ہدایت دی تھی جس پر ورات کوہلی اور روہت شرما دونوں نے ‘رنجی ٹرافی’ کے ایک ایک میچ میں شرکت کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق روہت شرما نے اس سے بھی آگے بڑھتے ہوئے یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ ‘سید مشتاق علی ٹی 20 ٹورنامنٹ’ میں بھی کھیلنے کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں جو 26 نومبر سے شروع ہوگا۔