انگلش ٹیسٹ ٹیم اپنی کارکردگی کے قریب بھی نہیں:میکولم

 انگلش ٹیسٹ ٹیم اپنی کارکردگی کے قریب بھی نہیں:میکولم

بیٹنگ لائن کو اچانک اوپر نیچے کرنا کسی کو سکواڈ سے باہر کرنا ہمارا طریقہ نہیں

لندن(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کوچ برینڈن میکولم نے تسلیم کیا ہے کہ اُن کی ٹیم اپنی بہترین کارکردگی کے کہیں قریب بھی نہیں۔انگلش ٹیم کے کوچ نے آسٹریلیا سے ایشز سیریز کے پہلے دو میچز ہارنے کے بعد تیسرے ٹیسٹ سے قبل گفتگو کی۔انہوں نے سیریز ہارنے کے بعد اپنے بطور کوچ عہدے کے خاتمے کے خدشات کو مسترد کیا تاہم ٹیم کی خراب کارکردگی کو تسلیم کیا۔ میکولم نے تصدیق کی کہ وہ پچھلے میچ والے ٹاپ سات کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اُتریں گے ۔ انہوں نے جیکب بیتھل کو ٹیم میں جگہ دینے کے بجائے تیسرے نمبر پر اولی پوپ کو برقرار رکھنے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ لائن کو اچانک سے اوپر نیچے کر لینا یا کسی کو سکواڈ سے باہر کر دینا ہمارا طریقہ نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم نے ابھی تک سیریز میں خاطر خواہ رنز نہیں بنائے ہیں لیکن سیریز جیتنے کے لیے ہم نے اس کو باہر نہیں پھینکنا جو پچھلے کچھ برسوں میں ہمارے لیے کامیاب رہا ہے ۔ انہوں نے ایک اور شکست پر اُن کو عہدے سے ہٹائے جانے پر سوال پر کہا کہ مجھے علم نہیں، لیکن سچ کہوں تو مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں۔ آپ جو کچھ کر رہے ہوں پورے عزم سے کریں اس کے بعد جو ہوتا ہے ، ہوتا رہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں