سعودی ولی عہد کا بارسلونا فٹبال کلب خریدنے پر غور
ریاض (سپورٹس ڈیسک)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اسپین کے مشہور فٹبال کلب ایف سی بارسلونا کو خریدنے کیلئے 10 ارب یورو کی پیشکش پر غور کر رہے ہیں۔
اگر یہ پیشکش حقیقت بن جائے تو نہ صرف بارسلونا کا تقریبا 2.5 ارب یورو کا قرض ختم ہو سکتا ہے بلکہ کلب کی پوری مالی سمت بھی یکسر تبدیل ہو جائے گی، تاہم عملی طور پر اس پیشکش کے سامنے کئی بڑی قانونی اور ساختی رکاوٹیں موجود ہیں کیونکہ بارسلونا قانونی طور پر کسی فرد یا ادارے کو فروخت نہیں کیا جا سکتا۔ بارسلونا ایک سوشیو ملکیت ماڈل کے تحت چلنے والا کلب ہے ، جہاں ہزاروں ارکان کلب کے اصل مالک ہوتے ہیں اور وہی صدر کے انتخاب اور انتظامی فیصلوں میں اختیار رکھتے ہیں ۔ زیادہ سے زیادہ امکان یہی ہو سکتا ہے کہ مستقبل میں کسی کمرشل بازو یا منصوبے میں سرمایہ کاری کی جائے ، مگر مکمل ٹیک اوور آئینی طور پر ناممکن ہے ۔