سپر لیگ:39 دن کی ونڈو، میچز کی تفصیلات سامنے آگئیں
اس بار 8ٹیمیں ایکشن میں ہونگی تاہم ٹیموں کو کم سے کم 10 ہی میچ کھیلنے ہونگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے 3 مئی تک منعقد ہوگا، ایونٹ میں اس بار 6 سے بڑھ کر 8 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی تاہم ٹیموں کو کم سے کم 10 ہی میچ کھیلنے کو ملیں گے ۔ ایونٹ میں جب 6 ٹیمیں کھیلا کرتی تھیں ، تب بھی کم سے کم 10 ہی میچ انھیں کھیلنے کو ملا کرتے تھے ۔ پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کے پاس میچوں کے حوالے سے 2 آپشنز تھے۔ اگر وہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ایونٹ کا انعقاد کرتے تو 60 میچ ہونا تھے۔
البتہ سیزن الیون کے لیے 39 دن کی ونڈو میں ایسا ہونا ممکن نہیں ، لہذا ایونٹ کے فارمیٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں جو سنگل لیگ کی بنیاد پر ہوگا، ہر ٹیم ایک ایک میچ کھیلے گی۔ دوسرے مرحلے میں 8 ٹیموں کو 4-4 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائیگا، جہاں ہر ٹیم کو تین تین میچ کھیلنے کو ملیں گے ، اور اس مرحلے میں 12 میچز منعقد ہوں گے ۔سپر فور مرحلے کی 2 ٹاپ ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کریں گی، جہاں فائنل کے ساتھ چار میچ کھیلے جائیں گے ۔پاکستان سپر لیگ 2026 کے میچ کراچی، لاہور، راولپنڈی ، ملتان اور پہلی بار اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے ۔