پاکستانی بائیکاٹ،بھارتی ٹیم کیلئے پھر بھی سری لنکا جانا ناگزیر

پاکستانی بائیکاٹ،بھارتی ٹیم کیلئے پھر بھی سری لنکا جانا ناگزیر

میچ آفیشل میچ منسوخی کا اعلان کرینگے اس وقت ہی بھارت کو دو پوائنٹس ملینگے قانون کیمطابق سمجھا جائیگا کہ پاکستان نے 20 اوورز بیٹنگ کی اور کوئی رن نہیں بنایا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا جانا پڑیگا۔ پاکستان کے انکارکے باوجودبھارت کو 2 پوائنٹس کیلئے کولمبو جانا پڑے گا، بھارتی ٹیم کو وقت پر سٹیڈیم پہنچنا ہو گا اور میچ منسوخی کے آفیشل فیصلے کا انتظارکرنا ہو گا۔جب میچ آفیشل میچ منسوخ کرنے کا اعلان کریں گے تو اس وقت ہی بھارت کو دو پوائنٹس ملیں گے ۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم مقررہ وقت پر سٹیڈیم پہنچے گی اور میچ ریفری کی جانب سے میچ منسوخ کیے جانے کا انتظار کرے گی۔

بی سی سی آئی نے پاکستان کے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ سے دستبرداری پر آئی سی سی کی حمایت کردی۔ نائب صدر راجیو شکلا نے لوک سبھا میں دئیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بورڈ آئی سی سی کے مؤقف سے مکمل اتفاق کرتا ہے ، تاہم اس معاملے پر کوئی حتمی ردِعمل اس وقت تک نہیں دیا جائے گا جب تک آئی سی سی سے براہِ راست بات چیت نہیں ہو جاتی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کا فی الحال آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

دوسری طرف پاکستان ٹیم کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کرنے کے فیصلہ کے بعد آئی سی سی قانون کے مطابق سمجھا جائیگا کہ پاکستان نے پورے 20 اوورز بیٹنگ کی اور کوئی رن نہیں بنایا۔ آئی سی سی کے قانون کی شق 16.10.7 کے تحت اگر کوئی ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کرے تو اس ٹیم کے نیٹ رن ریٹ کا حساب پھر بھی ایسے کیا جائے گا کہ گویا اس ٹیم نے اس میچ میں پورے 20 اوورز کھیلے ہوں۔ جس کی وجہ سے پاکستان کے نیٹ رن ریٹ پر کافی منفی اثر پڑے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں