نجی مصروفیات، ڈیوڈویزے پی ایس ایل سے دستبردار
مستقبل میں دوبارہ ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالنے کا منتظر ہوں،گفتگو
لاہور (سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندرز کے سٹار کھلاڑی ڈیوڈویزے نجی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل سیزن 11 سے دستبردار ہو گئے ۔لاہور قلندرز کی انتظامیہ کے مطابق تجربہ کار آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے ، نجی مصروفیات اور خاندانی ذمہ داریوں کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں حصہ نہیں لیں گے ۔ڈیوڈویزے نے گزشتہ سات سیزنز میں لاہور قلندرز کے ساتھ ایک مضبوط اور دیرپا تعلق قائم کیا ہے اور انہوں نے مستقبل میں دوبارہ پی ایس ایل میں واپسی کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ قلندرز ڈیوڈ ویزے کے اپنے خاندان کو وقت دینے کے فیصلے کا مکمل احترام کرتی ہے۔
ڈیوڈ ویزے نے بتایا کہ لاہور قلندرز کا حصہ بننا محض کرکٹ نہیں بلکہ ایک خاندان کا حصہ بننے جیسا ہے ۔ ٹیم میں بھائی چارہ، مثبت ماحول اور ہر روز جذبے کے ساتھ کھیلنا اس فرنچائز کو خاص بناتا ہے ۔ ٹیم اور شائقین کی جانب سے مجھے مرشد کہلانا ہمیشہ یادگار رہے گا۔ میں ٹیم کے تمام افراد سے محبت اور احترام کا شکر گزار ہوں،میں مستقبل میں دوبارہ شامل ہونے اور ٹیم کی کامیابی میں حصہ ڈالنے کا منتظر ہوں۔