نیشنل ٹی ٹونٹی:سیالکوٹ کی اہم فتح،کراچی بھی کامیاب
سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے پوزیشن مضبوط کرلی دوسرے میچ میں کراچی بلوز نے لاہور بلوز کو 57 رنز سے شکست دیدی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے آٹھویں روز سیالکوٹ کی اہم فتح جبکہ کراچی بلوز نے اپنا آخری گروپ میچ جیت لیا۔ پہلے میچ میں سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کو شکست دے کر سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔ گروپ بی میں سیالکوٹ پہلے ، ملتان دوسرے ، ایبٹ آباد تیسرے اور کراچی بلوز چوتھے نمبر پر موجود، لاہور بلوز کو تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گروپ میں پہلی چار ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہیں مگر سیالکوٹ اور ملتان بہتر نیٹ رنز ریٹ کی بنیاد پر ٹاپ دو میں شامل ہیں۔ گروپ بی کے آخری گروپ میچز آج سوموار کو ہونگے ، ایبٹ آباد کا سامنا لاہور بلوز جبکہ سیالکوٹ کا سامنا ملتان سے ہوگا۔ سیالکوٹ نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے ، جواب میں ایبٹ آباد کی ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسرے میچ میں کراچی بلوز نے لاہور بلوز کو 57 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر، لاہور بلوز کا ایک میچ باقی ہے ۔