فینز کے بغیر پی ایس ایل ادھوری : فرنچائز مالکان

 فینز کے بغیر پی ایس ایل ادھوری : فرنچائز مالکان

وزیرِ اعظم سے سٹیڈیمز میں شائقین کے داخلے کی اجازت کی اپیل

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ 11 (پی ایس ایل) کی مختلف فرنچائزز کے مالکان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سٹیڈیمز میں شائقینِ کرکٹ کو داخلے کی اجازت دینے کی مشترکہ اپیل کر دی۔ فرنچائز مالکان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغامات میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فینز کی موجودگی ہی پی ایس ایل کی اصل روح ہے ۔لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا جشن ہے لیکن شائقین کے بغیر یہ ادھورا محسوس ہوتا ہے ۔اُنہوں نے وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ سے درخواست کی ہے کہ فینز کی سٹیڈیمز میں واپسی کی اجازت دی جائے ۔ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ کا کہنا ہے کہ تمام فرنچائزز شائقین کی واپسی چاہتی ہیں کیونکہ کرکٹ کا اصل حسن عوام کی شرکت سے ہے ۔راولپنڈی ٹیم کے مالک احسن طاہر نے کہا ہے کہ فینز کے بغیر کرکٹ ممکن نہیں اور یہ کھیل پاکستانی عوام کی میراث ہے جو ان کے جذبے سے زندہ رہتا ہے ۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پی ایس ایل کو عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شائقین کا جوش و خروش لیگ کی حقیقی شناخت ہے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے مؤقف میں لکھا ہے کہ گراؤنڈ میں فینز کی توانائی ہی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے اور ان کے بغیر لیگ نامکمل محسوس ہوتی ہے ۔حیدرآباد کنگسمین کے مالک فواد سرور نے بتایا کہ پہلے میچ میں شائقین کی کمی شدت سے محسوس ہوئی اور مطالبہ کیا کہ سٹیڈیمز میں دوبارہ ہر باؤنڈری اور وکٹ پر تماشائیوں کا شور سنائی دے ۔اسی طرح کراچی کنگز کے مالک نے بھی خالی سٹیڈیمز دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں