بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا تعلقات بحالی کیلئے بھارتی بورڈ کو خط
باہمی کرکٹ میں ممکنہ مواقع تلاش کرنے کی درخواست کی :ڈائریکٹربی سی بی
ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تعلقات کی بحالی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ (BCB) بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ، اس سلسلے میں لکھے گئے خط میں بی سی بی نے بی سی سی آئی سے نئے اور موجودہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔بی سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز نظم العابدین فہیم نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مختلف کرکٹ بورڈز کے ساتھ باقاعدہ رابطوں میں رہتے ہیں اور انہی رابطوں کے تحت ہم نے بھارتی بورڈ (BCCI) کو بھی خط لکھا ہے ۔جس میں ہم نے بی سی سی آئی کو بتایا ہے کہ بھارتی ٹیم نے ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا ہے ، جس کے بعد ہماری ویمنز ٹیم بھارت جائے گی۔ہم نے بی سی سی آئی سے باہمی کرکٹ میں دیگر ممکنہ مواقع تلاش کرنے کی درخواست کی ہے ،یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے بولر مستفیض الرحمٰن کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور بنگلہ دیش نے بھارت میں ٹی 20ورلڈ کپ کھیلنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔