ایشین جونیئر سکواش ،پاکستان کی میڈلز کی امیدیں روشن
ماہ نور علی سمیت پاکستان کے سات کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
پانزیہوا(سپورٹس ڈیسک)ایشین جونیئر سکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کی میڈلز کے حصول کی امیدیں روشن ہو گئیں۔چین کے شہر پانزیہوا میں جاری 33ویں ایشین جونیئر انفرادی سکواش چیمپئن شپ میں ماہ نور علی سمیت پاکستان کے سات کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔بوائز انڈر 19 ایونٹ کے سیکنڈ سیڈ عبداللہ نواز نے تیسرے راؤنڈ میں 29 منٹ کے مقابلے کے بعد کاہی لی کو0-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔بوائز انڈر 17 ایونٹ میں نعمان خان نے چین ہین لو کو38 منٹ اور محمد عمیر عارف نے ریحان محمد کو 25 منٹ میں 0-3 سے قابو کرلیا۔بوائز انڈر 15 میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے محض 16 منٹ میں نوک پی کو اور سہیل عدنان نے دھرا جوہری کو 31 منٹ کی جدوجہد کے بعد کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے قابو کر لیا۔بوائز انڈر 13 میں محمد مصطفیٰ خان کو کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ایک گیم کی قربانی دینا پڑی، مصطفیٰ خان نے ہارون کو 33 منٹ کی تگ و دو کے بعد 1-3 سے زیر کیا۔گرلز انڈر15 ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں ماہ نور علی نے بہن سحرش علی کو 2-3 سے مات دیکھ کر کوارٹر فائنل میں کھیلنے کا حق حاصل کر لیا۔