مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ فرسودہ سیاسی نظام : حافظ نعیم
عوام کومشکلات ، آئی پی پیز مافیاپالا جارہا ،عید کے بعد تحریک چلے گی تاجر برادری ہمارا ساتھ دے :امیر جماعت اسلامی ،تقریب سے خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی بحران، مہنگائی، بے روزگاری اور صنعتوں کی تباہی کی بنیادی وجہ فرسودہ سیاسی و معاشی نظام ہے ، جب تک سیاست اور سسٹم کو درست نہیں کیا جاتا، معیشت مستحکم نہیں ہوسکتی،عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملک میں آئی پی پیز اور ایل این جی مافیاز کو پالا جا رہا ہے ، صنعتکار اور تاجر جماعت اسلامی کی حکومت مخالف تحریک کا حصہ بنیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم (پی آئی بی ایف)کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول پر 120 روپے لیوی اور دیگر ٹیکسز کے ذریعے عوام کا استحصال کیا جارہا ہے، عید کے بعد ملک گیر احتجاجی تحریک کا آغاز ہوگا اور کامیاب ہڑتال کرائیں گے ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے منصوبے سیاسی بنیادوں پر بنائے جاتے ہیں ، پنجاب میں ترقی کے اشتہارات تو چل رہے لیکن ایک کروڑ سے زائد بچے آج بھی سکولوں سے باہر ہیں، ملک میں’’کنسورشیم سیاست‘‘قائم ہے جس میں بیوروکریٹس، سرمایہ دار اور وڈیرے شامل ہیں،بانی پی ٹی آئی کے جیل جانے کے بعد پارٹی بکھر گئی ۔
انہوں نے شرح سود میں اضافے کو معیشت کے لیے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ میں صرف ایک فیصد اضافے سے قرضوں میں 540 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا، سودی نظام معیشت کو تباہ کررہا ہے ،پٹرولیم قیمتوں اور لیوی کے باعث شدید پریشان لوگ احتجاج کیلئے تیار بیٹھے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے کیپسٹی پیمنٹ کی مد میں د ئیے جا چکے جبکہ گنے کی بھوسے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی 500 ارب روپے د ئیے گئے جن میں شریف خاندان کے پلانٹس بھی شامل ہیں،ایک طرف عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور دوسری طرف مریم نواز نے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا اور چیئرمین سینیٹ کیلئے 9 کروڑ روپے کی گاڑی منگوائی گئی ۔