فیفا ورلڈکپ:سپین کاتاریخ کے انوکھے سکواڈ کا اعلان
یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیم بغیر کسی ریال میڈرڈ کھلاڑی کے ورلڈ کپ کھیلے گی
میڈرڈ(سپورٹس ڈیسک)یورپی چیمپئن سپین نے آئندہ فٹبال ورلڈ کپ کے لیے 26 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں حیران کن طور پر ریال میڈرڈ کا ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں ہے ۔سپین کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیم بغیر کسی ریال میڈرڈ کھلاڑی کے ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے اپنی ٹیم کی بنیاد زیادہ تر بارسلونا کے کھلاڑیوں پر رکھی ہے ۔ سکواڈ میں بارسلونا کے آٹھ کھلاڑی شامل ہیں جن میں لامین یامال، پیڈری، گاوی، ڈینی اولمو اور فیران ٹوریس نمایاں ہیں۔دوسری جانب ڈیان ہوئیسن اور دانی کارواخال جیسے ریال میڈرڈ کے اہم نام اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے ۔کوچ ڈی لا فوینتے نے اس فیصلے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے کھلاڑیوں کا تعلق کسی کلب سے نہیں بلکہ قومی ٹیم سے ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ایسے کھلاڑی چاہتے ہیں جو اسپین کی نمائندگی پر فخر محسوس کریں۔سکواڈ میں پریمیئر لیگ سے تعلق رکھنے والے سات کھلاڑی بھی شامل کیے گئے ہیں۔کوچ نے لامین یامال اور نیکو ولیمز کی انجری کے حوالے سے بھی اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی ٹورنامنٹ کے آغاز تک مکمل فٹ ہوں گے ۔