آئی سی سی نے ڈاکٹر روز ریواز کو نیا آزاد (انڈیپنڈنٹ) ڈائریکٹر مقرر کر دیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی کے بورڈ نے ڈاکٹر روز ریواز کو نیا آزاد (انڈیپنڈنٹ) ڈائریکٹر مقرر کر دیا ۔
آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر ریواز مختلف شعبوں اور خطوں میں وسیع تجربہ رکھتی ہیں اور سرکاری و نجی اداروں میں قائدانہ کردار ادا کر چکی ہیں۔ وہ اس وقت اینگلیئن واٹر اور یو کے کمپنیز ہاوس کی چیئر پرسن ہیں جبکہ اپیرام ایس اے اور وکٹریکس پی ایل سی میں لیڈ انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ڈاکٹر ریواز کو کارپوریٹ گورننس،حکمت عملی، رسک مینجمنٹ اور ادارہ جاتی کارکردگی کے شعبوں میں گہرا تجربہ حاصل ہے ۔ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے ڈاکٹر روز ریواز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بین الاقوامی قیادت کا تجربہ،گورننس میں مہارت اور اداروں کو ترقی و تبدیلی کے مراحل سے گزارنے کا کامیاب ریکارڈ آئی سی سی کیلئے انتہائی قیمتی ثابت ہوگا۔