ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کاٹائٹل جیت لیا
فائنل میں118 رنز بنانے والی کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا شاہ زیب خان اور کامران غلام کے 45، 45 رنز ، ارشد اقبال کی تین وکٹیں
لاہور(سپورٹس ڈیسک)ایبٹ آباد نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں کراچی وائٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔فائنل میں کراچی وائٹس کی ٹیم 19ویں اوور میں 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ثاقب خان 22 رنز کے ساتھ ٹیم کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ سعود شکیل 17 اور شان مسعود 16 رنز بنا سکے ۔ ہارون ارشد نے 13 اور خواجہ نافع نے 10 رنز سکور کیے ۔
ایبٹ آباد کی جانب سے ارشد اقبال نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان، رضا اللہ اور شہاب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وسیم جونیئر ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے ۔ 119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ سکور صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔شاہ زیب خان اور کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45، 45 رنز کی اننگز کھیلیں اور اپنی ٹیم کو بآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔اس شاندار کامیابی کے ساتھ ایبٹ آباد نے نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا اور پورے ایونٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا۔