فیفا ورلڈ کپ : مصر کی نیوزی لینڈ کو ایک، تین گول سے شکست
لاس اینجلس سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان دلچسپ مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہو گیا گروپ ایچ کے میچ میں یوروگوئے اور کیپ ورڈے نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم مقابلہ 2-2 سے برابر ہو کر بغیر نتیجے کے ختم ہو ا
لاس اینجلس، اٹلانٹا، وینکوور(سپورٹس ڈیسک) فیفا ورلڈکپ میں بیلجیئم اور ایران کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا ، مصر نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا جبکہ یوروگوئے اور کیپ ورڈے کا سنسنی خیز مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔ لاس اینجلس سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کوملا ۔پہلے ہاف میں ایران کی ٹیم کو سبقت مل جاتی جب 28ویں منٹ میں ایک فری کک پر گیند بیلجیئم کے گول میں پہنچ گئی تھی مگر ریفری نے ایران کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے کر یہ گول مسترد کردیا۔ ایران کے گول کیپر علی رضا نے کئی گول بچائے لیکن دوسرے ہاف میں بیلجیئم کی ایک موو پر انہوں نے ایک حملہ تو ایسا روکا کہ ماہرین نے اسے سیو آف دی ٹورنامنٹ قرار دے دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
گروپ ایچ کے ہی ایک اور اہم میچ میں یوروگوئے اور کیپ ورڈے نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم مقابلہ 2-2 سے برابر ہو کر بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ کیپ ورڈے کے کیون پینا نے فری کک پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، یوروگوئے نے جلد واپسی کرتے ہوئے میکسی اراخو کے گول سے سکور برابر کیا، جبکہ وقفے سے قبل اگسٹن کانوبیو نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1کی برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں کیپ ورڈے کے ہیلیو واریلا نے گول کر دیا اور یوں سکور 2-2 سے برابر کر دیا۔ گروپ جی کے میچ میں مصر نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔وینکور میں کھیلے گئے دونوں ملکوں کی ٹیم کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ہاف کے 15ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی جبکہ دوسرے ہاف میں مصر کے مصطفی زیکو نے مقابلہ برابر کیا۔مصر کا دوسرا گول سٹار کھلاڑی محمد صلاح نے بنایا اور مصر کی ٹیم کیلئے تیسرا گول ٹریزیگوئے نے سکور کیا۔