فیفا ورلڈ کپ :سازشی کہانیاں ، دھاندلی کے الزامات

فیفا ورلڈ کپ :سازشی کہانیاں ، دھاندلی کے الزامات

ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کل بڑے ٹاکرے سے قبل نیا تنازع ارجنٹائن کی کھلم کھلا مدد کے دعوے ، تھیوریز اور ویڈیوز کی بھرمار 4اہم واقعات بحث کو ہوا دے رہے ہیں ، فیفا صدر کی میمز وائرل

اٹلانٹا (اے ایف پی)فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے سیمی فائنل میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان بدھ کو ہونیوالے بڑے ٹاکرے سے قبل ایک نیا تنازع کھڑا  ہو گیا ہے ۔ جہاں ایک طرف لیونل میسی کی شاندار کارکردگی ارجنٹائن کو یہاں تک لے آئی ہے ، تو دوسری طرف سوشل میڈیا پر ایسی تھیوریز اور ویڈیوز کی بھرمار ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ فیفا دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی کھلم کھلا مدد کر رہا ہے ۔انٹرنیٹ پر مصنوعی ذہانت سے بنی ایسی میمز وائرل ہیں جن میں فیفا کے صدر جانی انفانٹینو اور میسی کو ٹائی ٹینک فلم کے انداز میں گلے ملتے دکھایا گیا ہے ، جبکہ کچھ میمز میں ارجنٹائن کے جھنڈے کے وسط میں موجود سورج کی جگہ فیفا صدر کا چہرہ لگا دیا گیا ہے ۔میسی کے مداحوں اور مخالفین کے درمیان جاری اس بحث کو ہوا دینے والے چار بڑے اہم واقعات ہیں،گروپ سٹیج میں الجزائر کے خلاف میچ کے دوران جب ارجنٹائن صفر کے مقابلے میں ایک گول سے آگے تھا، کپتان لیونل میسی کا پاؤں الجزائر کے کپتان عیسیٰ مندی کی پنڈلی پر لگا۔ ریفری نے صرف فری کک دی اور میسی کو کوئی کارڈ نہیں دکھایا۔ میسی نے بعد میں اسی میچ میں ہیٹ ٹرک کی۔

سابق کھلاڑیوں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق یہ واضح ریڈ کارڈ تھا جس سے میسی اگلے میچز کیلئے معطل ہو سکتے تھے ۔ الجزائر کی فٹبال فیڈریشن نے اس پر فیفا کو باقاعدہ شکایت بھی درج کروائی۔مصر کیخلاف سنسنی خیز میچ میں ارجنٹائن 2-0 کے خسارے کے بعد 3-2 سے جیتا، لیکن مصری ٹیم ریفری کے فیصلوں پر آگ بگولا ہو گئی۔ مصر کا ایک گول صرف اس لیے منسوخ کر دیا گیا کیونکہ ’وار‘( ویڈیو اسسٹنٹ ریفری ) نے بہت پیچھے جا کر کھیل کے آغاز میں ارجنٹائن کے کھلاڑی پر ایک فاؤل ڈھونڈ نکالا۔ مصر کے کوچ حسام حسن نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاید وہ ورلڈ چیمپئنز کو ٹورنامنٹ میں برقرار رکھنا چاہتے تھے ؟ شاید وہ چاہتے تھے کہ میسی ریس میں رہیں؟ ،کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ 1-1 سے برابر تھا اور سوئس ٹیم ارجنٹائن پر حاوی ہو رہی تھی کہ ایک ڈرامائی موڑ آیا۔ ریفری نے ارجنٹائن کے کھلاڑی کو فاؤل پر پیلا کارڈ دیا، لیکن’ وار‘ نے مداخلت کرتے ہوئے غلط شناخت کے نئے قانون کے تحت فیصلہ بدل دیا۔ ’وار‘ کے مطابق سوئس کھلاڑی بریل ایمبولو نے فاؤل کی اداکاری کی تھی۔

پہلے سے پیلا کارڈ رکھنے والے ایمبولو کو ریڈ کارڈ دکھا کر باہر کر دیا گیا، سوئس ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی اور ارجنٹائن اضافی وقت میں میچ جیت گیا۔ سوئس کوچ موراٹ یاکن نے اس قانون کو ناقابلِ قبول قرار دیا ،کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل تک پہنچنے کیلئے ارجنٹائن کو انتہائی آسان ٹیمیں ملیں۔سیمی فائنل سے پہلے ارجنٹائن کا مقابلہ دنیا کی ٹاپ 18 ٹیموں میں سے کسی ایک سے نہیں ہوا۔ انہوں نے گروپ اسٹیج میں الجزائر، اردن اور آسٹریا کا سامنا کیا، جبکہ ناک آؤٹ مرحلے میں ان کے مقابلے کیپ ورڈی، مصر اور سوئٹزرلینڈ سے ہوئے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کوئی سازش نہیں بلکہ فیفا کا رینکنگ کے لحاظ سے سیڈنگ سسٹم ہے جس کے تحت ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل سے پہلے ایک دوسرے کے سامنے نہیں آ سکتیں ۔ان تمام تر تنازعات اور سوشل میڈیا کی جنگ کے بیچ، اب دنیا بھر کی نظریں بدھ کے روز اٹلانٹا میں ہونے والے ارجنٹائن بمقابلہ انگلینڈ سیمی فائنل پر لگی ہوئی ہیں، جہاں میسی کی جادوگری اور ان الزامات کا اصل امتحان ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...