پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا اگست سے آغاز
قائد اعظم ، پریذیڈنٹ ٹرافی اور نیشنل ٹی 20کی تیاریوں کا شیڈول جاری
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ، جس کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا۔ اس نئے سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، پریذیڈنٹ ٹرافی، نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور نیشنل چیمپئنز کپ سمیت جونیئر سطح کے تمام بڑے ایونٹس شامل کیے گئے ہیں جبکہ پورے شیڈول کو 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے ۔ سیزن کا آغاز ملتان میں نیشنل چیمپئنز کپ(لسٹ اے ) اورڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ سے ہوگا تاکہ عالمی کپ کی تیاریوں کو بنیادی ترجیح دی جا سکے ۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون(فرسٹ کلاس)، گریڈ ٹو گولڈ اور سلور کے مقابلے 12 ستمبر سے شروع ہوں گے ۔ 1 نومبر سے شروع ہونے والی قائد اعظم ٹرافی کے دونوں ڈویژنز کو فرسٹ کلاس کا درجہ حاصل ہوگا۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 5فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں ہو گا ۔جونیئر سطح پر کھلاڑیوں کی تکنیکی صلاحیتیں نکھارنے کے لئے انڈر 19 کرکٹرز کے لئے تین روزہ(ریڈ بال) ٹورنامنٹ متعارف کرایا گیا ہے ۔ نیشنل انڈر 19 کپ اور چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے 5 دسمبر تک کھیلے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ انڈر 15 ون ڈے کپ اور انڈر 17 ٹو ڈے ٹورنامنٹ بھی شیڈول کا حصہ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments