2ٹیمیں نئے قومی ڈومیسٹک کرکٹ سیز ن سے باہر
اختلاف شرکت فیس تین گنا بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کرنے پر سامنے آیا واپڈا اور ساحرایسوسی ایٹس کی جگہ او جی ڈی سی ایل اور کنگز مین نے لے لی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ڈومیسٹک سیزن کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ فرسٹ کلاس چیمپئن واپڈا اور ساحر ایسوسی ایٹس کو صدرز ٹرافی اور صدرز کپ سے باہر کر دیا ہے ۔بورڈ کے مطابق دونوں ادارے جون میں متعارف کرائے گئے نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے ۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو مزید پیشہ ورانہ اور معیاری بنانے کیلئے ٹیموں کیلئے مالی شفافیت، کھلاڑیوں کو سال بھر کے معاہدے ، تنخواہوں اور میچ فیس کی نگرانی، رہائش، یومیہ الاؤنس اور فٹنس پروگرام سے متعلق نئی شرائط لازمی قرار دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق سب سے بڑا اختلاف شرکت کی فیس میں تین گنا اضافے پر سامنے آیا جسے بڑھا کر ڈیڑھ کروڑ روپے کردیا گیا۔دیگر چھ اداروں نے پی سی بی کی جانب سے لائیو سٹریمنگ، گراؤنڈ کرایہ اور میچ بالز کے اخراجات برداشت کرنے کی یقین دہانی کے بعد نئی شرائط قبول کرلیں تاہم واپڈا نے فیس میں نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔واپڈا اور ساحر ایسوسی ایٹس کی جگہ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)اور کنگزمین اکیڈمی صدرز ٹرافی اور صدرز کپ میں شرکت کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments