ہاکی کے مکمل نظام کو بہتر بنانا ترجیح ہے :محی الدین وانی
3 سے 5 سالہ طویل المدتی حکمت عملی کے تحت نظام کو ازسرنو تعمیر کریں گے کھلاڑیوں کیلئے مالی مراعات،محفوظ مستقبل کا پاتھ وے بنایاجائیگا:صدرپی ایچ ایف
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)صدرپاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ گراس روٹ سے سینئر لیول تک ہاکی کے مکمل نظام کو بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے ،اب وقت آ گیا ہے کہ 3 سے 5 سالہ طویل المدتی حکمت عملی کے تحت ہاکی کے پورے نظام کو ازسرنو تعمیر کیا جائے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ترجیح صرف ایک ٹورنامنٹ جیتنا نہیں بلکہ گراس روٹ سے سینئر لیول تک ہاکی کے مکمل نظام اور ماحول کو بہتر بنانا ہے ، اس مقصد کیلئے سکول ہاکی سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور قومی چیمپئن شپ تک ایک شفاف نظام تشکیل دیا جا رہا ہے جس کے ذریعے کھلاڑی اپنی صلاحیت اور کارکردگی کی بنیاد پر قومی سینئر ٹیم تک رسائی حاصل کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز، بیلجیئم اور جرمنی جیسے ممالک کی طرز پر مضبوط انفراسٹرکچر اور جدید ٹریننگ ماڈل نافذ کیا جائے گا۔ غیر ملکی ماہرین کے تعاون سے پاکستانی کوچز کی جدید خطوط پر تربیت کی جائے گی جبکہ قومی ٹیموں کے بیرون ملک دوروں اور غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان مدعو کرنے کیلئے بھی ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے بہتر اور پرکشش مالی مراعات کے ساتھ محفوظ مستقبل کا پاتھ وے بھی یقینی بنایا جائے گا۔ آئندہ 5 سال میں ملک بھر میں آسٹرو ٹرفس کی تعداد 52 سے بڑھا کر 100 کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر گراؤنڈ پر فعال کوچنگ، باقاعدہ مقابلوں اور گرلز ہاکی کے فروغ کو لازمی قرار دیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments