ایشین گیمز میں ناقص انتظامات ،اے سی سی کے تحفظات
کرکٹرز کی رہائش اور انتظامی امور کا جائزہ لینے کیلئے نمائندے بھیجے جائیں گے بھارت کا متبادل ٹیم بھیجنے پر غور ،اجتماعی فیصلے کئے جائیں گے :بنگلہ دیش بورڈ
ٹوکیو،کولمبو (اے ایف پی)ایشین کرکٹ کونسل نے جاپان میں ہونے والے آئندہ ایشین گیمز کے دوران کرکٹرز کیلئے فائیو سٹار ہوٹل کی عدم دستیابی سمیت دیگر انتظامی مسائل پر تحفظات کا جائزہ لیا ہے ۔ سری لنکا کرکٹ کے سیکرٹری پراکاش شافٹر نے کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اے سی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے حالیہ بنکاک اجلاس میں ایشین گیمز کے انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا، کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی رہائش کے معیار اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے کچھ تحفظات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اے سی سی کے رکن ممالک نے گراؤنڈ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے نمائندے بھیجنے پر اتفاق کیا ہے تاہم امید ہے کہ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق ہوگا۔پراکاش شافٹر کے مطابق میزبان شہر میں تمام کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے فائیو سٹار ہوٹل کے کمروں کی مطلوبہ تعداد دستیاب نہیں جبکہ کرکٹرز کو عموماً فائیو سٹار رہائش فراہم کی جاتی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ٹی20 مقابلوں کیلئے تیار کیا گیا گراؤنڈ کھیل کے لیے موزوں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ بھی ایشین گیمز میں کرکٹ کے انتظامات سے ناخوش ہے اور متبادل کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم بھیجنے پر غور کر رہا ہے ۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی کہا ہے کہ اے سی سی کے رکن بورڈز ایشین گیمز میں کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تحفظات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آپریشنز منیجر شہریار نفیس کے مطابق کرکٹ سے متعلق انتظامات اے سی سی کی ذمہ داری ہیں اور تمام رکن بورڈز نے اس معاملے پر اے سی سی فورم میں بات چیت کی ہے ، جس کے بعد اس حوالے سے اجتماعی فیصلہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments