مریم نواز کا تمام معروف شاہراہوں پر بائیک لین مقرر کرنے کا حکم
زیبرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کیلئے پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے اور فیروز پور روڈ بھی ماڈل قرار دینے کی ہدایت شاہدرہ ، ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے سدباب کیلئے اقدامات کئے جائیں:وزیراعلیٰ، افتخار گیلانی کی ملاقات
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام معروف روڈز پر بائیک لین مقرر کرنے اور پیدل سڑک کراس کرنیوالوں کیلئے زیبرا کراسنگ کی پابندی کو یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدات خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پیدل سڑک کراس کرنیوالوں کیلئے الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا اورراہگیروں کی زیبرا کراسنگ سے گزرنے کی پابندی یقینی بنانے کیلئے کیمرے سے ڈیجیٹل نگرانی پر اتفاق بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کی طرف سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر صورت ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کی گاڑی تلے آکر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے زیبرا کراسنگ پابندی یقینی بنانے کیلئے مال روڈ پر پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دیا اور مال بردار ٹریکٹر ٹرالی کو کور کیے بغیر روڈ پر نہ آنے کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ نے گنے کا سیزن شروع ہونے سے پہلے ٹریکٹر ٹرالیوں پر اوور لوڈنگ کے سدباب کیلئے کارروائی،فیروز پور روڈ کو لاہور کا ماڈل روڈ قرار دینے کا حکم دیدیا اور پائن ایونیو، جاتی امراء چوک میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے سگنل لگانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے ساؤتھ ایشیا میں لاہور کی ٹریفک رینکنگ میں بہتری پر اظہار مسرت کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے ۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ نمبیو(Numbeo)گلوبل ٹریفک رینکنگ انڈیکس میں لاہوردنیا کے 149 شہروں سے بہتربن چکا۔ جاتی امراء چوک، پائن ایونیو، ڈیفنس موڑ، کریم بلاک، اکبر فلائی اوور، کاہنہ، مین بلیو ارڈ میں ٹریفک ہجوم میں 70 فیصد تک کمی ہوئی ، 16 سے 18سال کے بچوں کیلئے 4096 ٹریفک پرمٹ/لائسنس جاری ہوچکے ہیں۔
لاہور میں مختلف مقامات پر خواتین کیلئے 65 ہزار پینک بٹن لگائے جا چکے ہیں۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے گزشتہ روز یہاں ملاقات کی ، مریم نواز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے مریم نواز اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اورآزاد کشمیر کی ترقی کیلئے 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کیلئے پنجاب کے پراجیکٹ مشعل راہ ہیں، قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں آزاد کشمیر کو ترقی کی مثال بنانا چاہتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments