300 نوری سال دور ستارے کے گرد سیاروں کی تصویر
ماہرینِ فلکیات کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے زمین سے 300 نوری سال دوری پر، سورج جیسے ایک ستارے کے گرد چکر لگاتے ہوئے دو سیاروں کی پہلی براہِ راست تصویر حاصل کرلی ہے
چلی(نیٹ نیوز)تصویر میں یہ دونوں سیارے ، اپنے مرکزی ستارے کے گرد دو روشن نقطوں کی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ خلا میں روشنی کی رفتار تین لاکھ کلومیٹر فی سیکنڈ ہے اور وہ فاصلہ جو روشنی ایک سال کے دوران خلا میں طے کرے ، وہ ‘‘نوری سال’’ (لائٹ ایئر) کہلاتا ہے ۔ ماہرین کے مطابق جس ستارے کے گرد یہ سیارے دریافت ہوئے ہیں وہ ابھی بالکل ‘‘نوجوان’’ ہے اور آج سے ‘‘صرف’’ دو کروڑ سال پہلے ہی وجود میں آیا ہے ۔ ماہرین نے یہ بھی دریافت کیا ہے کہ ان میں سے قریب والا سیارہ اپنے ستارے سے 160 فلکی اکائیوں جتنے فاصلے پر جبکہ دور والا سیارہ 320 فلکیاتی اکائیوں کے فاصلے پر رہتے ہوئے محوِ گردش ہے ۔