دھبوں سے اٹی ڈیزائنر ڈانگری کی قیمت 1لاکھ 31ہزار
مشہورِ زمانہ لگژری برانڈ رالف لارین نے چند روز پہلے ایک نئی ڈیزائنر ڈانگری (اوورآل) متعارف کر ائی ہے جس پر جگہ جگہ رنگ کے دھبے پڑے ہوئے ہیں اور یہ میلی کچیلی نظر آتی ہے
پیرس(نیٹ نیوز) اس کی قیمت بھی 620 برطانوی پاؤنڈ یعنی سوا لاکھ پاکستانی روپے سے بھی زیادہ رکھی گئی ہے !اسے دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کسی مزدور نے سارا دن رنگ و روغن کرنے کے بعد، ابھی ابھی کام سے فارغ ہو کر یہ ڈانگری اتاری ہے ۔ رالف لارین نے اسے ‘‘پینٹ سپلیٹر کور آل’’ کا نام دیا ہے ۔اسے بہترین کوالٹی کی سیاہ ڈینم سے تیار کیا گیا ہے جبکہ اس پر ‘‘معیاری رنگ’’ سے جگہ جگہ سفید اور نارنجی دھبوں کے علاوہ کہنیوں اور گھٹنوں پر رگڑنے اور گھسنے کے نشانات بھی لگائے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر اس ڈیزائنر ڈانگری کو طنز اور تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے لیکن رالف لارین کمپنی اسے بڑے فخر کے ساتھ آن لائن فروخت کر رہی ہے ۔