عجیب مرض کا شکار شخص ہاتھ پیروں پر چلنے پر مجبور
لندن(نیٹ نیوز)برطانیہ میں ایک بزرگ شخص چلنے پر قدرت کے باوجود اپنے گھر میں شیرخوار بچوں کی طرح ہاتھ پیروں پرچلتا ہے ۔
سٹیفورڈشائر کے 63 سالہ ایلن بینٹلے ایک عجیب کیفیت ‘اولمسٹیڈ سنڈروم’ کے شکار ہیں جس میں پاؤں کے تلووں میں زرد رنگت کی کھال نما پپڑیاں جمتی ہیں جو جلن نہیں بلکہ آگ کا تاثر پیش کرتی ہیں۔ یہاں تک کہ مریض کیلئے قدم زمین پر رکھنا بھی محال ہوجاتا ہے ۔اب یہ حال ہے کہ ایلن اپنے گھر میں چاروں ہاتھ پیروں پر چلتے ہیں۔ یہ کیفیت اس وقت سامنے آئی جب وہ بچے تھے ۔ ان کی کیفیت کی درست تشخیص دس برس قبل ہوئی تھی۔
اپنی جوانی میں انہوں نے کئی بار خودکشی کا بھی سوچا تاہم وہ جینے کی آس میں سب کچھ سہتے رہے ۔ ایلن کہتے ہیں کہ اس کا درد ناقابلِ بیان ہے جس کی شدت کبھی بھی کم نہیں ہوتی۔ لیکن اب وہ ایک دوا کھارہے ہیں جس سے انہیں افاقہ ہے اور کچھ دیر چل پھر سکتے ہیں۔