تکلیف میں مبتلا شہری کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی برآمد

تکلیف میں مبتلا شہری کے پیٹ سے زندہ بام مچھلی برآمد

کوانگ نین(نیٹ نیوز)ویتنام میں ڈاکٹرز نے حال ہی میں ایک نوجوان کی اس وقت جان بچالی جب اس کے پیٹ سے 30 سینٹی میٹر لمبی بام مچھلی برآمد ہوئی جو کہ آنتوں کو شدید نقصان پہنچا چکی تھی۔

ایک 34 سالہ ویتنامی شہری کو صوبے کوانگ نین کے ہائی ہا ڈسٹرکٹ میڈیکل سینٹر میں پیٹ کے شدید درد کی حالت میں داخل کرایا گیا تھا۔ چونکہ مریض زیادہ تکلیف کی وجہ سے علامات کی تفصیل بتانے سے قاصر تھا، اس لیے ڈاکٹرز نے ایک ایکسرے اور الٹراساؤنڈ کیا جس سے اس کے پیٹ میں ایک حرکت کرتی ہوئی چیز کی نشاندہی ہوئی۔ایکسرے نے آنتوں میں سوراخ اور پیٹ کی سوزش کا بھی انکشاف کیا۔ مریض کے پیٹ کی جب سرجری کی گئی تو ڈاکٹر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ نامعلوم چیز دراصل 30 سینٹی میٹر بام مچھلی تھی۔جب مریض سے پوچھا گیا کہ یہ اس کے پیٹ میں کیسے داخل ہوئی تو 34 سالہ شخص نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں