پراسرار ریڈیو سگنلز ،سائنس دانوں نے سراغ لگا لیا

لاہور(نیٹ نیوز)10 سال سے ، کوئی نامعلوم چیز تقریباً ہر دو گھنٹے بعد زمین کی طرف ریڈیو لہریں بھیج رہی ہے اور یہ سگنلز ممکنہ طور پر بگ ڈِپر نامی ستاروں کے جھرمٹ کے قریب سے آ رہے ہیں۔
مگر کئی سال کی تحقیق اور مختلف دور بینوں کی مدد سے مشاہدے کے بعد بالآخر سائنس دانوں کو ان سگنلز کے ممکنہ ماخذ کا سراغ مل گیا۔محققین کا ماننا ہے کہ یہ طویل دورانیے کے ریڈیو سگنلز دراصل مردہ ستاروں کے ایک جوڑے سے خارج ہو رہے ہیں۔سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ یہ دو ستارے ، ایک سرخ بونا اور ایک سفید بونا، مدار میں ایک دوسرے کے اتنے قریب گردش کر رہے ہیں کہ ان کے مقناطیسی میدان ایک دوسرے پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔جب یہ ستارے ہر دو گھنٹے بعد ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں تو ان کے مقناطیسی میدان آپس میں ٹکرا جاتے ہیں جس کے نتیجے میں طاقتور ریڈیو سگنلز کی لہریں خارج ہوتی ہیں۔