بحرالکاہل میں ڈوبنے والا ماہی گیر 95 دن بعد گھر واپس
پیرو(نیٹ نیوز)خراب موسم کی وجہ سے بحرالکاہل میں ڈوبنے والا پیرو کا ایک ماہی گیر 95 دن کے بعد گھر واپس آ گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق میکسیمو ناپا گزشتہ سال7 دسمبر کو جنوبی پیرو کے ساحل پر واقع ایک قصبے مارکونا سے سمندری سفر کے لیے روانہ ہوئے تھے ۔
وہ 2 ہفتے کے سفر کے لیے روانہ ہوئے تھے لیکن موسم خراب ہو جانے کی وجہ سے ان کی کشتی الٹ گئی اور وہ بحر الکاہل میں ڈوب گئے ۔میکسیمو ناپا کے لاپتہ ہونے کے بعد اہلِ خانہ نے اُنہیں ڈھونڈنا شروع کیا لیکن پیرو میری ٹائم کو کافی دنوں کی تلاش کے بعد بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔بعد ازاں ایکواڈور میری ٹائم کو وہ ملک کے ساحل سے تقریباً 680 میل دور انتہائی تشویش ناک حالت میں ملے ۔میکسیمو ناپا نے میڈیا کو بتایا کہ میں مرنا نہیں چاہتا تھا، میں نے سمندر میں زندہ رہنے کے لیے روچ، پرندے اور کچھوے کھائے ۔