زمبابوے ،ہاتھیوں کے شکار کی منظوری، گوشت عوام میں تقسیم
ہرارے (نیٹ نیوز)زمبابوے نے جنوبی علاقے میں واقع مشہور سیو ویلی کنزرویسی میں ہاتھیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو قابو میں رکھنے کیلئے کم از کم 50 ہاتھیوں کے شکار کی باضابطہ اجازت دے دی۔
اس اقدام کو ماحولیاتی توازن کے تحفظ کیلئے ضروری قرار دیا گیاہے ۔زمبابوے پارکس اینڈ وائلڈ لائف مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سیو ویلی کنزرویسی میں اس وقت تقریبا 2 ہزار 550 ہاتھی موجود ہیں، حالانکہ اس علاقے کی قدرتی گنجائش صرف 800 ہاتھیوں کی ہے ۔ حکام نے بتایا کہ پچھلے 5 سالوں میں تقریبا 200 ہاتھی دوسرے محفوظ علاقوں میں منتقل کیے گئے ، مگر اس کے باوجود آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔اتھارٹی نے واضح کیا کہ شکار کیے جانے والے ہاتھیوں کا گوشت مقامی آبادی میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ وہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں جبکہ ان کے دانت محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کیے جائیں گے ۔