پارک کی انوکھی نوکری کیلئے 10ہزار سے زائد درخواستیں

بیجنگ(نیٹ نیوز)چین میں ایک نیشنل پارک کو ‘وائلڈ مین’ (چینی دیومالائی مخلوق) کی نوکری کا اشتہار دینے کے بعد 10ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوگئیں۔
جاری کیے گئے اشتہار میں مشہور دیو مالائی مخلوق کی نقل کرتے ہوئے شینونگجیا نیشنل پارک میں گھومنے کے لیے 500یوآن (69.60ڈالر) روزانہ کی پیش کش کی گئی ہے ۔ چائنا ڈیلی کے مطابق منتظمین اس نوکری میں دلچسپی رکھنے والے لوگوں کی تلاش کے لیے شارٹ ویڈیو پلیٹ فارمز پر فین گروپس کا استعمال کر رہے ہیں۔اب تک انہوں نے 20 سے زیادہ فین گروپس بنا دیے اور ہر گروپ میں 500 ممبر شامل ہیں، جس کا مطلب ہے کہ 10 ہزار کے قریب افراد اس نوکری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔تاہم، صرف 16 افراد ہی اس نوکری کے لیے منتخب کیے جائیں گے ۔