کیا کافی پینے سے عمر میں اضافہ ہوتا ہے ، دلچسپ انکشاف
لاہور(نیٹ نیوز) کافی کے حوالے سے ایک دلچسپ تحقیق سامنے آئی ہے ،ماہرین کے مطابق باقاعدگی سے کافی پینے والے افراد اُن لوگوں کے مقابلے میں اوسطاً پانچ سال زیادہ زندگی گزار سکتے ہیں جو کافی نہیں پیتے۔۔۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ زیادہ سے زیادہ چار کپ کافی پینے سے جسم میں موجود ٹیلو میئرز کی لمبائی برقرار رکھنے یا بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ ٹیلو میئرز دراصل کروموسومز کے سروں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کی لمبائی کو حیاتیاتی عمر کا ایک اہم پیمانہ سمجھا جاتا ہے ۔ جب یہ کم ہوتے ہیں تو بڑھاپے اور مختلف بیماریوں کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، تاہم کافی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کم کرنے والے عناصر اس عمل کو سست کرسکتے ہیں۔ماہرین نے واضح کیا کہ اگرچہ چار کپ روزانہ مناسب حد ہے لیکن اس سے زیادہ مقدار فائدہ دینے کے بجائے نقصان دہ ہو سکتی ہے ۔