ٹریفک قوانین کی پاسداری ، بہتری دیکھنے میں آئی:عبادت نثار
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈ سٹرکٹ پولیس آفیسر عبادت نثار نے پولیس لائنز میں منعقدہ \"میٹ دی پریس\" کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور پولیس کا تعلق چولی دامن کا ہے ۔
دونوں ادارے معاشرے میں امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور عوامی آگاہی کے لیے ایک دوسرے کے معاون اور لازم و ملزوم ہیں۔ڈی پی او نے کہا کہ ضلع بھر کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا ہے ، خصوصاً ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی مہم کے دوران میڈیا نے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر عوام میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کے رجحان میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی۔انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے خاتمے ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، ٹریفک نظم و ضبط اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے ، جس میں میڈیا کا مثبت کردار قابلِ تحسین ہے ۔میٹ دی پریس کے موقع پر ضلع بھر کے سینئر صحافیوں نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی مسائل کے حل کیلئے پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی تعمیری تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔