زرعی یونیورسٹی میں طلبہ وظیفہ فنڈ میں 21لاکھ روپے کا اضافہ

 زرعی یونیورسٹی میں طلبہ وظیفہ فنڈ میں 21لاکھ روپے کا اضافہ

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)نارتھ امریکن ایلومنائی ایسوسی ایشن نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے مستحق طلبہ کے لیے قائم اپنے وظیفہ فنڈ میں 21 لاکھ روپے کا اضافہ کر دیا ہے ، جس کے بعد فنڈ کی مجموعی رقم 19 ملین روپے تک پہنچ گئی ہے ، جس سے اس وقت 17 مستحق طلبہ مستفید ہو رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے نمائندوں ڈاکٹر آصف مان، ڈاکٹر زبیر اور ڈاکٹر محمد یونس نے ڈائریکٹر ریسرچ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر راؤ زاہد عباس اور ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر نادیہ احسان کو وظیفے کا چیک پیش کیا۔اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ذوالفقار علی نے مستحق طلبہ کی تعلیم میں معاونت پر ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ملک کی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ڈاکٹر راؤ زاہد عباس نے کہا کہ تعلیم پر مبنی معیشت کے حصول سے ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ ڈاکٹر محمد یونس اور ڈاکٹر آصف مان نے مستحق طلبہ کی حمایت میں اپنا فعال کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ڈائریکٹر فنانشل ایڈ و یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ ڈاکٹر نازیہ احسان نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی میں مستحق طلبہ کی معاونت کے لیے ایک مؤثر نظام موجود ہے اور وافر مقدار میں وظائف فراہم کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد اولک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر وقار اکبر خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں