بس اڈوں پبلک مقامات پر نوسر بازوں کی لوٹ مار

بس اڈوں پبلک مقامات پر نوسر بازوں کی لوٹ مار

خود کو پولیس ملازمین، روحانی شخصیات، خفیہ اداروں کے افسر اور ملازمین ظاہر کر کے نقدی اور مال سے محروم کرنے کے واقعات عام ، پو لیس کارروائی کرنے میں غیر سنجیدہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے ) شہر کے مسافر اڈے ، ہسپتال اور پارکس سمیت دیگر پبلک پوائنٹس مبینہ طور پر نوسر بازوں کی جانب سے اپنی محفوظ آماجگاہ بنالئے گئے ۔ نوسر بازوں کی جانب سے خود کو پولیس ملازمین، روحانی شخصیات، خفیہ اداروں کے افسر اور ملازمین ظاہر کرنے سمیت مختلف طریقوں سے شہریوں کو اپنے جھانسے میں لے کر ان سے نقدی، موبائلز، زیورات، موٹر سائیکلیں، رکشے اور دیگر قیمتی سامان ہتھیانے کے واقعات آئے روز سامنے آنے لگے ہیں۔شہریوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی شکایات کے باوجود بھی متعلقہ پولیس نوسر بازوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی میں مبینہ طور پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی دکھائی دیتی ہے ۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں جنرل بس سٹینڈ، جی ٹی ایس چوک اور اس سے ملحقہ بس اڈوں، ہسپتالوں، پارکوں اور تفریحی مقامات سمیت شہر کے مختلف پبلک پوائنٹس پر نوسر بازوں کی جانب سے اپنے بسیرے کرلئے گئے ہیں۔ ذرائع سے اس بات کا انکشاف ہوا کہ نوسر بازی اور فراڈ کے واقعات میں ملوث ان عناصر کی جانب سے اپنے منظم گروہ تشکیل دیئے گئے ہیں اور ان گروہ کے سرغنہ اور دیگر عناصر کی جانب سے مبینہ طور پر متعلقہ پولیس کو خوش کرنے کیلئے ماہانہ اور ہفتہ وار بھاری نذرانے بھی ادا کئے جاتے ہیں تاکہ پولیس کاروائیوں سے محفوظ رہ سکیں۔ ذرائع سے اس بات کا بھی انکشاف سامنے آیا کہ نوسر بازی اور فراڈ کرنے والے ملز موں کی جانب سے ایک ہی قسم کا طریقہ واردات اپنایا جاتا ہے اور شکایت کنندگان کی جانب سے یہ بھی بات سامنے آئی کہ نوسر بازی کرنے والے ملز موں کا بظاہر حلیہ بھی ایک ہی طرح کا ہوتا ہے ۔

اور ایک ہی گروہ کی جانب سے بار بار شہریوں کو اپنا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ ایسی متعدد شکایات سامنے آنے کے باوجود بھی متعلقہ پولیس کی جانب سے ان عناصر کے خلاف کاروائیاں عمل میں نہ لائی جانا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے ۔ تاہم سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے فیصل آباد پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں