پی ٹی آئی مفاہمتی اور مزاحمتی دھڑوں میں تقسیم ہو چکی:سردار خلیل

 پی ٹی آئی مفاہمتی اور مزاحمتی دھڑوں میں تقسیم ہو چکی:سردار خلیل

وہ مذاکرات کے نام پر پارلیمنٹ کی رخصتی چاہتی ہے ، کامیاب نہیں ہو گی:گفتگو

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن)مینارٹیز ونگ پنجاب کے صدر سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کہاہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے نام پر پارلیمنٹ کی رخصتی چاہتی ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوگی،پارلیمنٹ مدت بھی پوری کرے گی اور عمران خان سمیت قومی مجرم رہابھی نہیں ہوں گے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 2دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ، ایک مفاہمتی اور دوسرا مزاحمتی دھڑاہے ، اس کا صفحہ پھٹ چکا ،کوئی متحد اور متفق نہیں، نہ ہی کوئی پارٹی موقف پیش کر سکتا ہے اس لئے ان کے مذاکرات صرف مذاق رات کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت سیاسی تناؤ کم کرکے معاشی استحکام چاہتی ہے۔

جس میں وہ کافی حدتک کامیاب ہوچکی ،بانی پی ٹی آئی کی 25 سالہ سیاست میں فساد،جلاؤ گھیرا اور مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات اور اداروں کے خلاف سازش کے علاوہ ملک اور قوم کی بہتری کاکوئی کارنامہ نہیں، میاں نواز شریف ،مریم نواز سمیت لیگی رہنماؤں کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کرنے والے آ ج سچے مقدمات میں گرفتار ہیں جو مکافات عمل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم کام کرنے والے ہیں ملک کو بدنام کرنے والے نہیں، آ ج دنیابھرمیں پاکستان کی عزت ہے ، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ہرسطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی جب وزیراعظم تھے توان کی کوئی عالمی رہنماء فون کال تک نہیں سنتا تھا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں