ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا دورہ چنیوٹ، 2 بڑے منصوبوں کی منظوری

 ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا دورہ چنیوٹ، 2 بڑے منصوبوں کی منظوری

ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عطا سبحانی نے ترقیاتی اقدامات پر بریفنگ دی

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک چنیوٹ کے دفتر اور ڈسٹرکٹ ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا تفصیلی دورہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ضلع چنیوٹ ڈاکٹر عطا سبحانی نے انہیں تمام متعلقہ دفاتر، لیبارٹریز اور دستیاب سہولیات کا جامع معائنہ کرایا اور ضلع میں جاری و مجوزہ ترقیاتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔دورے کے دوران ضلعی سطح پر دو بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مقامات کا انتخاب کیا گیا، جن میں جانوروں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے ایکسرے اور سرجیکل (آپریشن) سہولیات کی فراہمی جبکہ ڈائیگناسٹک سہولیات کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔

ڈائریکٹر لائیو اسٹاک نے موجودہ انفراسٹرکچر کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو منصوبوں کے بروقت آغاز کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے جانوروں کی بیماریوں کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور بہتر سرویلنس ممکن ہو سکے گی۔ڈاکٹر حیدر علی خان نے مزید کہا کہ محکمہ لائیو اسٹاک صوبائی پالیسی کے تحت کسانوں کو جدید اور معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے ، تاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو مضبوط اور پیداواری بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں