ڈی پی او ٹوبہ کی کمالیہ میں ایک ہی روز 3کھلی کچہریاں
شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ افسروں کواحکامات بھی جاری کھلی کچہریوں کا مقصد عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا ہے :عبادت نثار
کمالیہ (نمائندہ دنیا )ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثار نے کمالیہ میں ایک ہی روز 3کھلی کچہریاں لگائیں اور شہریوں کے مسائل سن کر انہیں حل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ٹوبہ عبادت نثار نے گزشتہ روز سرکل کمالیہ کے مختلف مقامات گورنمنٹ بوائز سکول جکھڑ 739 گ ب بھسی، گورنمنٹ بوائز سکول 712 گ ب صدر کمالیہ اور ٹی ایم اے ہال کمالیہ میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔کھلی کچہریوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کئے۔
ڈی پی او عبادت نثار نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات کے حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسروں کو فوری احکامات بھی جاری کر دیئے ۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل سن کر مؤثر اور عملی اقدامات کے ذریعے ان کا فوری حل یقینی بنانا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف میسر ہو سکے ۔ عبادت نثار نے مزید کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہی حقیقی کمیونٹی پولیسنگ ہے اور ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس اس ویژن کے تحت پوری جانفشانی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہے ۔