وارداتیں، تھانہ احمدپور سیال کی حدود میں شہری عدم تحفظ کا شکار
گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول سے موٹر چوری ،محمد عمران کی موٹرسائیکل چوری
گڑھ مہاراجہ (نمائندہ دنیا)چوری کی بڑھتی وارداتوں نے شہریوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ تھانہ احمدپور سیال کی حدود میں مسلسل ہونے والی چوری کی وارداتوں کے باعث شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔گزشتہ رات کی تاریکی میں آبادی کھوہ ڈبانوالہ سے نامعلوم چور محمد عمران مہدی سیال کے گھر میں گھس کر موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے ۔ اس سے قبل 10 روز قبل نزدیکی آبادی کھوہ میتلیانوالہ میں واقع گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول لالہ زار سے واٹر پمپ موٹر چوری ہو گئی تھی۔
اسی طرح 15 روز قبل نامعلوم ملزمان تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمدپور سیال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سید شہباز حسن بخاری کی رہائش گاہ سے موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہو گئے تھے ۔ تاہم تاحال مقامی پولیس ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے ۔شہریوں نے ڈی پی او جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور مسروقہ موٹر سائیکلیں و دیگر سامان برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کیا جائے ۔