ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ کی مسجد محمد شریف میں کھلی کچہری
شہریوں کے مسائل سنے ،حل کی یقین دہانی ،افسروں کو رپورٹ دینے کی ہدایت
چنیوٹ، بھوانہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے جمعہ المبارک کے موقع پر جامعہ مسجد محمد شریف، علاقہ تھانہ بھوانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ایس ایچ او تھانہ بھوانہ پولیس، انچارج کمپلینٹ سیل، دیگر پولیس افسر وں اور نمازیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو دادرسی یقینی بنانے اور کمپلینٹ سیل کو درخواستوں کی دادرسی کے بعد فالواپ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی پی او نے شرکاء کو پنجاب پولیس کی مختلف سروسز سے متعلق بریفنگ دی اور نئے ٹریفک قوانین سے آگاہ کیا، ساتھ ہی شہریوں کو قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں کھلی کچہری لگانا حضرت محمد ﷺ کی سنت ہے تاکہ مسائل براہِ راست سنے اور حل کیے جائیں، اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔کھلی کچہری کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعا کی گئی۔ قبل ازیں ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل سنے ۔ ڈی پی او نے درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔